دشمن کی جارحیت کا جواب نہ دینا توہین اور ذلت قبول کرنا ہے، سیدعبدالملک بدرالدین الحوثی
یمن کے عوامی رہنما عبدالملک الحوثی نے کہا ہے کہ جارحیت کا جواب نہ دینا توہین اور ذلت قبول کرنا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کے عوامی رہنما عبدالملک الحوثی نے ایران کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت سے ہونے والے نقصانات سے قطع نظر، یہ ایرانی سرزمین پر جارحیت اور اس کے قومی اقتدر اعلی کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے ایران سے واشنگٹن کے اس مطالبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کی جارحیت کا جواب نہ دیا جائے، کہا کہ امریکیوں نے اسلامی جمہوریہ ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کے اقتدار اعلی کی جو خلاف ورزی ہوئی ہے اور جو خون بہا ہے، اس کا جواب نہ دے اور یورپ بھی ایران سے مطالبہ کررہا ہے کہ جواب نہ دے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور یورپ اس علاقے کے سبھی ملکوں سے یہی چاہتے ہیں۔ سید عبدالملک الحوثی نے کہا کہ جارحیت کا جواب نہ دینے کا مطلب یہ ہے کہ اسرائیلی دشمن ہر مسلمان ملک میں جہاں چاہے حملہ کرے، اور جو ملک حملے کا نشانہ بنے وہ اس کا جواب نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالبہ تسلیم کرنا توہین اورذلت تسلیم کرنا ہے۔