شام کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے فضائی حملے جاری
ابلاغیاتی ذرائع نے شام کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے فضائی حملے جاری رہنے کی خبردی ہے
سحرنیوز/عالم اسلام: العالم نے شام کے لاذقیہ اور طرطوس علاقوں میں مہیب دھماکوں کی خبر دی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق یہ دھماکے لاذقیہ اور طرطوس میں شامی فوج کے مراکز اور تنصیبات پر غاصب صیہونی حکومت کی بمباریوں کے نتیجے میں سنے گئے ہیں۔ شام کے مختلف علاقوں پر تازہ فضائی حملے ایسی حالت میں کئے گئے ہیں کہ صیہونی فوج نے اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ شام کے اسٹریٹیجک ہتھیاروں کے اکثر گوداموں، جنگی طیاروں، جنگی بحری جہازوں، ہوائی اڈوں، ٹینکوں اور میزائلوں کو ختم کردیا گیا ہے۔ صیہونی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ شام کے اسٹریٹیجک اور ہتھیاروں کے جتنے بھی گودام تھے وہ سب گزشتہ چند روز کے حملوں میں تباہ کردیئے گئے ہیں۔
غاصب صیہونی فوج نے اعلان کیا ہے کہ بشار اسد کی حکومت گرنے کے بعد اس کے جنگی طیاروں نے ساڑھے تین سو سے زائد فضائی حملے کئے۔ صیہونی حکومت کے ایک سیکورٹی عہدیدارکے حوالے سے رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی حکومت نے بشار اسد کی حکومت گرنے کے بعد شام میں چـار سو سے زائد مراکز پر بمباری کی ہے۔ صیہونی فوج کے اعلان کے مطابق شام پر اس کے حملوں میں شامی فضائیہ کے سبھی اڈے اور دمشق، حمص، طرطوس، تدمر اور دیگر علاقوں میں ہتھیاروں کے سبھی کارخانوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ شام میں بشار اسد کے سقوط کے فورا بعد اسرائيلی فوج نے شام پر وسیع زمینی اور فضائی حملے شروع کردیئے۔