فلسطین: غرب اردن میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان جھڑپیں
فلسطینی ذرائع نے غرب اردن کے مختلف علاقوں پر جاری صیہونی جارحیت اور فلسطینی مجاہدین اور غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے غرب اردن کے شہر الخلیل کے مغرب میں واقع اذنا کے علاقے پر حملہ کیا جبکہ الخلیل کے ہی مشرق میں واقع العروب کیمپ کے مرکز میں فلسطینی مجاہدین اور غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئي ہیں۔ دوسری جانب بعض ذرائع نے صوبے سلفیت اور اسی طرح بیت اللحم کے جنوب میں واقع بیت فجار پر صیہونی جارحیت کی بھی خبر دی ہے۔
اسی طرح ایک رپورٹ میں بتایا گيا ہے کہ الخلیل کے شمال میں العروب کیمپ میں ہونے والی جھڑپوں میں ایک فلسطینی جوان زخمی ہوا ہے۔ العہد ویب سائٹ کی بھی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے آج غرب اردن کے شہر الخلیل کے مغرب میں واقع اذنا کے علاقے پر حملہ کیا اور فلسطینیوں کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا۔ صیہونی فوجیوں نے اسی طرح رام اللہ میں کفرمالک پر بھی حملہ کیا۔
دریں اثنا فلسطینی اتھارٹی، محاصرہ اور غرب اردن کے علاقوں میں فلسطینیوں کی سرکوبی کر کے صیہونی حکومت کو اپنی توانائی دکھانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ غزہ میں داخل ہونے اور پورے علاقے کے سیکورٹی امور سنبھالنے کی راہ ہموار کر سکے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے حوالے سے سحاب کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی علاقوں میں جاری بحران کے ساتھ ساتھ محمود عباس کی صدارت میں فلسطینی اتھارٹی کی پکڑ کمزور پڑجانے کے بعد حالیہ ہفتوں کے دوران فلسطینیوں نے فلسطینی اتھارٹی کے محاصرے اور مختلف سیاسی اور سماجی طور پر پیدا ہونے والے مسائل کو لے کر فلسطینی اتھارٹی کے خلاف احتجاجات کئے ہیں۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے حالیہ مہینوں میں صیہونی حکومت کے مقابلے میں آزادی سے عاری ایک ادارے کے طور پر سخت اقدام عمل میں لاتے ہوئے غرب اردن اور خود غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف دباؤ کا ہتھکنڈہ استعمال کیا اور فلسطینیوں کو مرعوب کرنے کی پوری کوشش کی اور اس کی یہ گھناؤنی کوشش اب بھی جاری ہے۔