جنگ بندی کے بارہویں روز بھی شمالی غزہ پٹی میں فلسطینیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے بعد فلسطینی پناہ گزینوں کی شمالی غزہ کی جانب فاتحانہ انداز میں واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور دسیوں ہزار کی تعداد میں فلسطینی پناہ گزیں غزہ کے مختلف علاقوں سے شمال کی جانب اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں- دوسری جانب غزہ میں حماس کے سربراہ خلیل الحیہ نے طوفان الاقصی کے دوران فلسطینی مجاہدین کی استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ فلسطینی عوام نے غزہ سے جبری نقل مکانی پر مبنی دشمن کے منصوبے کو ناکام بنادیا ہے- دریں اثناء اپنے تباہ شدہ علاقوں میں واپس آنے والے بے گھر افراد کی ابتدائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے درخواستیں کی گئی ہیں- فلسطین میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے ڈائریکٹر آنتوان رینارڈ نے بتایا کہ شمالی غزہ کی پٹی کے رہائشیوں کی ایک بڑی تعداد کو، جو علاقے میں واپس آچکی ہے، بنیادی خدمات کی ضرورت ہے۔