Jan ۳۰, ۲۰۲۵ ۲۰:۴۹ Asia/Tehran
  • مغربی کنارے پر صیہونی حملے میں دس فلسطینی شہید

فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ مغربی کنارے کے شمال میں واقع شہر طوباس کے قریبی قصبے طمون پر اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں دس فلسطینی نوجوان شہید ہو گئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  فلسطینی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ صیہونی فوج نے غرب اردن میں اپنی جارحیتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مغربی کنارے کے شمالی شہر طوباس کے قصبے طمون پر خوفناک ڈرون حملہ کرکے کم سے کم دس فلسطینیوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا ہے۔ فلسطین کی جمعیت ہلال احمر نے اعلان کیا ہے کہ امدادی ٹیموں نے شہدا اور زخمیوں کی لاشیں اسپتالوں میں منتقل کردی ہیں۔ صیہونی فوج نے بھی اپنی وحشیانہ جارحیت کا اعتراف کیا ہے۔ دوسری جانب مقامی ذرائع نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ غاصب صہیونی فوج کے دستوں نے آج صبح مغربی کنارے کے شہر قلقیلیہ میں شہید جمال ابو ہنیہ کے گھر کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا ۔ شائع شدہ ویڈیوز اور تصاویر میں اس گھر کو دھماکے سے اڑانے اور اس کے پیچھے ہونے والی وسیع تباہی کو دکھایا گیا ہے۔ فلسطینی ذرائع نے صیہونی فوجیوں کے آج کے حملوں میں طولکرم میں شدید جھڑپوں اور صیہونیوں کی طرف سے ایک مکان کے محاصرے کی بھی اطلاع دی ہے۔ قابض صہیونی فوج کے خصوصی دستوں نے جمعرات کی صبح مغربی کنارے کے شمال میں طولکرم کے شمال میں واقع کوفین قصبے پر چھاپہ مارنے کے بعد اس علاقے میں ایک مکان کو گھیرے میں لے لیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ فلسطینی مجاہدین اور صیہونی فوجیوں کے درمیان طولکرم اور جنین میں شدید جھڑپیں بھی ہوئی ہیں اور دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ غاصب فوج نے اس محصور مکان کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ اس درمیان صیہونی فوجیوں نے متعدد فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔غرب اردن پر صیہونی فوج کے حملے غزہ میں غاصب اسرائیل کی ذلت آمیز شکست کے بعد شدت اختیار کرگئے ہيں ۔

 

 

ٹیگس