القسام بریگیڈز کے کمانڈر کی شہادت کی تصدیق کے ساتھ ہی فلسطین کے جہادی گروہوں کا صیہونی حکومت کے خلاف استقامت جاری رکھنے کا اعلان
القسام بریگیڈز کے کمانڈر اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی تصدیق کے بعد استقامتی فلسطینی محاذ میں شامل جہادی گروہوں نے غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں استقامت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد ضیف اور دیگر شہید کمانڈروں کی شہادت کے موقع پر ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ شہید محمد ضیف نے طوفان الاقصی آپریشن کے کامیاب آغاز کے ساتھ ہی مزاحمت کو ایک منظم طاقت میں تبدیل کیا اور صیہونی غاصبوں کے تانے بانے بکھیر دیئے- عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ کمانڈروں کی شہادت سے نہ صرف مزاحمت کمزور ہوتی ہے بلکہ ان کے عزم و ارداے مزید بلند ہوجاتے ہيں- عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کی عسکری ونگ شہید ابو علی مصطفی بریگیڈز نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ محمد ضیف اور ان کے ساتھیوں کی شہادت، شہداء کے راستے کو جاری رکھنے کے لیے مزاحمت کی ثابت قدمی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شہدائے الاقصی بریگیڈز نے بھی ایک بیان میں فلسطینی قوم اور شہداء کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر کمانڈروں کی شہادت انہیں ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک کہ جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو، حتمی فتح تک قومی اتحاد کے راستے کو جاری رکھنے کا عزم دیتی ہے-
فلسطین کی عوامی مزاحمتی تحریک نے بھی اپنے ارکان اور مجاہدوں کی جانب سے ایک بیان میں محمد ضیف اور ان کے ساتھی شہید کمانڈروں کی قابل فخر شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ جہاد اور مزاحمت کو ایک اسٹریٹیجک آپشن کے طور پر اختیار کیا جائے گا اور ساتھ ہی فلسطین کو صیہونی غاصبوں کے چنگل سے نجات دلانے اور فلسطین کی ایک انچ زمین سے بھی چشم پوشی نہ کرنے پر زور دیا۔ تحریک مجاہدین اور فلسطین کی عوامی پارٹی نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ محمد ضیف اور ان کے ساتھی شجاعت و ایثار و فدارکاری کی زندہ مثالیں ہیں- اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قابض عناصر، ہمارے قائدین کو شہید کرکے فلسطینی عوام کی خواہشات کو پامال نہيں کرسکتے۔ اس سے قبل تحریک حماس اور فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے بھی الگ الگ بیانات میں شہید محمد ضیف اور متعدد دیگر مزاحمتی کمانڈروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی استقامت و پائیداری کو سراہا-