Feb ۲۴, ۲۰۲۵ ۱۵:۵۱ Asia/Tehran
  • شہید سید حسن نصراللہ اور شہید ہاشم صفی الدین کی تشییع جنازہ کی عالمی میڈیا میں وسیع پیمانے پر کوریج

عالمی میڈیا نے لبنان میں شہید سید حسن نصراللہ اور شہید ہاشم صفی الدین کی تشییع جنازہ کو وسیع پیمانے پر کوریج دی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  لبنان کے دارالحکومت بیروت کے کمیل شمعون اسٹیڈیم میں شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کی عظیم الشان تشییع جنازہ کے پروگرام کو عرب اور علاقائی میڈیا میں بڑے پیمانے پر کوریج ملی اور نیوز چینلوں نے لائیو کوریج اور مختلف تجزیوں کے ساتھ اس پروگرام کا سیاسی اور میدانی جہتوں سے جائزہ لیا۔ قطر کے الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل نے شہداء مقاومت کی عظیم تشییع جنازہ کو حزب اللہ لبنان کی طاقت کے مظاہرے سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ نے یہ ظاہر کردیا کہ اس کی طاقت کا دارو مدار ہتھیاروں سے بھرے گوداموں پر نہیں بلکہ عوامی حمایت پر ہے۔عراق کے العہد ٹی وی نے بھی تشییع جنازہ کو براہ راست نشر کیا اور اسے علاقے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور لبنان اور خطے میں مزاحمتی محاذ کو مضبوط کرنے میں شہید حسن نصر اللہ اور شہید صفی الدین کے کردار پر زور دیا۔ سعودی عرب کے چینل العربیہ نے حزب اللہ کے شہداء کی تدفین کے موقع پر رہبر معظم آيۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے پیغام اور اسے تشییع جنازہ میں پڑھے جانے پر توجہ مرکوز کی اور اس حوالے سے کہا کہ جب دارالحکومت بیروت میں حسن نصر اللہ کی تشییع جنازہ کے وقت حزب اللہ کے ہزاروں حامی جمع ہوئے تھے اور اس وقت اسرائیلی طیاروں نے پرواز کی تو وہاں موجود افراد بلا خوف اللہ اکبر اور اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے اور اسی وقت اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر سید علی خامنہ ای کا یہ پیغام پڑھا جا رہا تھا کہ " اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی "۔

فرانس ٹونٹی فور ٹیلی ویژن نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ لبنان میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل شہید سید حسن نصر اللہ کی نماز جنازہ کے لیے سوگواروں نے بیروت کے اسٹیڈیم اور اطراف کی سڑکوں پر اجتماع کیا۔ گارڈین اخبار نے بھی اتوار کو شہید سید حسن نصر اللہ کے تشییع جنازہ کی کوریج کرتے ہوئے لکھا کہ آج حسن نصر اللہ کے جنازے میں بڑی تعداد میں شرکت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ حزب اللہ ، لبنان میں ایک مقبول اور محبوب سیاسی طاقت ہے۔ سی این این نیوز چینل نے بھی لبنان میں شہداء سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کی تشییع جنازہ کے بارے میں کہا کہ آج (اتوار) کو دسیوں ہزار افراد نے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نصر اللہ کی تشییع جنازہ میں وسیع پیمانے پر شرکت کی جو کہ اسرائیلی طیاروں کے فضائی حملے میں شہید ہوئے تھے۔ اس دوران صیہونی میڈیا نے بھی اس تشییع جنازہ کی کوریج کرتے ہوئے اسے حزب اللہ کی طاقت کا مظاہرہ قرار دیا ۔

ٹیگس