غزہ پر صیہونی فوج کی تازہ جارحیت کا نواں دن
غزہ پر صیہونی فوج کی تازہ جارحیت کے نویں دن متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں ۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی فوج نے غزہ پر اپنی نئي جارحیت کے نویں دن شمالی غزہ کے " ام النصر" گاؤں میں فلسطینیوں کے کئي گھروں کو تباہ کر دیا ۔ اسی ساتھ ہی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی فوج نے مرکزی غزہ کے نتساریم علاقے کے پچاس فیصد حصے پر قبضہ کر لیا ہے۔ غزہ میں صیہونی حکومت کی جانب سے جارحیت و جرائم کے دوبارہ آغاز کے بعد حماس نے غزہ ، مسجد الاقصی اور بیت المقدس کے تحفظ کے لئے عام تیاری کی اپیل کی ہے ۔فلسطینی ذرائع کے مطابق شمالی غزہ کے جبالیا البلد میں ایک گھر پر صیہونی فوج کے حملے میں آٹھ فلسطینی شہید اور کئي دیگر زخمی ہو گئے۔ اسی کے ساتھ صیہونی توپ خانہ نے غزہ کے مشرقی علاقوں پر بھاری گولہ باری کی۔ صیہونی جنگی طیاروں نے بھی رفح شہر کے مغرب میں الغربی پناہ گزيں کیمپ پر بمباری کی اور اسی کے ساتھ صیہونی فوج کے ٹینکوں نے مرکزي غزہ میں واقع البریج پناہ گزيں کیمپ پر گولہ باری کی۔ صیہونی جنگی طیاروں نے غزہ کے رفح شہر کے مغرب میں بھی کچھ علاقوں پر بمباری کی ہے ۔ در ایں اثنا غزہ پٹی میں فلسطینی انفارمیشن سینٹر نے بتایا ہے کہ صیہونی فوج نے رفح میں لوگوں کی مدد میں مصروف پندرہ امدادی کارکنوں کا اغوا کر لیا ہے ۔ فلسطینی انفارمیشن سنٹر نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ امدادی کارکنوں کی فوری رہائي کے لئے صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالے۔ بیان میں کہا گيا ہے کہ صیہونی حکومت ، عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزي کرتے ہوئے غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف اپنے جرائم جاری رکھے ہوئے ہے اور ہم اسرائيل و امریکہ کی حکومتوں کو ان امدادی کارکنوں کے اغوا کا ذمہ دار سمجھتے ہيں۔