غزہ میں امدادی مرکز کے قریب صیہونی بربریت، درجنوں فلسطینی شہید
جنوبی غزہ کے ناصر اسپتال نے تصدیق کی ہے کہ ایک امدادی مرکز کے قریب قابض اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 24 فلسطینی شہری شہید ہو گئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: جنوبی غزہ کے ناصر اسپتال نے تصدیق کی ہے کہ ایک امدادی مرکز کے قریب قابض اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 24 فلسطینی شہری شہید ہو گئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ افراد ہفتے کے روز خوراک حاصل کرنے کے لیے جمع تھے جب اسرائیلی فوج نے ان پر گولی چلائی۔
ناصر اسپتال کے احاطے میں موجود لاشوں کے شواہد اور خون آلود کپڑوں میں لپٹے افراد کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ متاثرین کو سر اور سینے میں گولیاں ماری گئیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق اب تک 798 افراد امداد سے متعلق مقامات پر فائرنگ میں شہید ہو چکے ہیں، جن میں 615 افراد امریکہ کے زیر انتظام غزہ ہیومینیٹرین فاؤنڈیشن کے مراکز کے قریب شہید کیے گئے۔
غزہ میں قحط، دوا، ایندھن کی شدید قلت ہے جبکہ اقوام متحدہ ہزاروں بچوں میں غذائی قلت کی تصدیق کر چکا ہے، اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 57,823 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔