Jul ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۲:۵۷ Asia/Tehran
  • امریکہ و اسرائیل کی شکست، ایران کی قیادت میں نیا دور شروع

لبنان کے سیاسی رہنما نے حالیہ جنگ میں امریکہ اور اسرائیل پر ایران کی برتری کو عالم اسلام کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: حزب‌اللہ لبنان کی سیاسی کونسل کے رہنما محمود قماطی نے کہا ہے کہ ایران نے حالیہ 12 روزہ جنگ میں امریکہ اور اسرائیل پر واضح فتح حاصل کی ہے اور اب خطے میں ایران کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے۔

اسپوٹنک کو دیے گئے انٹرویو میں قماطی نے کہا کہ نتن یاہو کی جانب سے ایران پر جارحیت اور مشرق وسطی میں نیا نظام قائم کرنے کی کوشش ناکام ہو چکی ہے۔ ایران کو کمزور کرنے اور اس کی طاقت ختم کرنے کا منصوبہ شکست سے دوچار ہوا ہے اور حقیقت میں ایران فاتح کے طور پر ابھرا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ طاقتیں ایران کی فتح کو شکست میں بدلنے کی کوشش کر رہی ہیں اور امریکہ کے حملے کو ایک کامیابی کے طور پر پیش کر رہی ہیں، حالانکہ خود ٹرمپ مذاکرات کی بحالی کی خواہش ظاہر کرچکے ہیں۔

قماطی نے کہا کہ خطے کی باگ ڈور مل اب ایران کے ہاتھ میں ہے۔ ایران نے امریکہ اور اسرائیل دونوں پر غلبہ حاصل کیا ہے۔ اب خطے میں وہی نئی حقیقت وجود میں آئی ہے جس کا امریکہ یا اسرائیل نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ ایران نے اپنی فتح سے یہ بھی ثابت کردیا کہ وہ ایک سخت جان اور مضبوط حریف ہے، اور اس کے ساتھ چین و روس جیسے طاقتور اتحادی بھی موجود ہیں۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران نے نہ صرف فلسطین اور مزاحمتی محاذ کو تقویت دی ہے بلکہ ان عرب ممالک کو بھی ایک نئی سمت دی ہے جو بظاہر اسرائیل سے تعلقات معمول پر لاچکے ہیں۔ یہ ممالک ایران پر حملے کی مذمت اور اس کے ساتھ غیر علانیہ ہمدردی کا اظہار کرکے دراصل مزاحمت کے قریب آئے ہیں۔

قماطی کے بقول ایران کے حملے سے اسرائیل میں جو تباہی ہوئی، وہ پورے عالم اسلام، عرب دنیا اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کے لیے امید کا پیغام تھی۔ ایران نے اپنے ارادے، جذبے اور قیادت کے ذریعے مشرق اور اپنے اتحادیوں کے لیے نئی حکمت عملی کی بنیاد رکھ دی ہے۔

انہوں نے حزب‌اللہ اور ایران کے باہمی تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایران کے ساتھ رشتہ نظریاتی، سیاسی اور اسٹریٹیجک نوعیت کا ہے۔ ایران نے کبھی بھی ہم سے یا حتی کہ لبنانی حکومت سے بھی کوئی ایسی بات نہیں کہی جو ہماری قومی مزاحمت کی پالیسی سے متصادم ہو۔

ٹیگس