ترکیہ ، اردن، عراق اور لیبیا سمیت افریقہ اور مغربی ایشیا کے متعدد ممالک میں غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کےساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرے ہوئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: عرب جرنل ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ مظاہرے غزہ کے باشندوں کی نسل کشی اور بھوک کے سلسلے میں عرب حکومتوں کی کوتاہی ، منفی رویئے اور صیہونی حکومت کے ساتھ ان کی سازباز کے خلاف نفرت کے زیر عنوان کئے گئے۔
ترکیہ کے دار الحکومت انقرہ میں اسرائیل ٹارگٹ کلنگ کرتا ہے اور دنیا تماشائی بنی بیٹھی ہے کے زیر عنوان مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین نےامریکی سفارت خانے کی جانب مارچ کیا۔
استنبول میں بھی صیہونی حکومت کے قونصل خانے کے سامنے مظاہرہ کیاگيا۔ مظاہرین نے اسرائیل کے ہاتھوں غزہ کے عوام کی نسل کشی کی مذمت کی۔ اردن میں غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت اور فلسطین میں صیہونی حکومت کے مظالم کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔
عراق اور لیبیا میں بھی ہزاروں افراد نے غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں سڑکوں پر نکل کر مظاہرہ کیا انہوں نے صیہونی حکومت کی جارحیت اور غزہ پٹی کا محاصرہ ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
یہ مظاہرے ایسی حالت میں ہوئے ہیں کہ جب انسانی حقوق کی تنظیموں نے غزہ میں انسانی المیئے کی بابت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں قحط اور انسانی المیہ اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے۔
تل ابیب فوری جنگ بندی پر مبنی عالمی برادری کے مطالبے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو نظر انداز کرتے ہوئے غزہ کے باشندوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔