Aug ۱۹, ۲۰۲۵ ۱۱:۰۰ Asia/Tehran
  • عراق میں حشد الشعبی کو نشانہ بنانے کی صیہونی مہم تیز، سوشل میڈیا پر زہریلا پراپیگنڈا

عراق میں حشد الشعبی فورسز کے حق میں قانون سازی کی بڑھتی ہوئی کوششوں پر صیہونی لابی اور بیرونی طاقتیں متحرک ہوگئی ہیں اور ان عوامی مزاحمتی فورسز کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا تیز کر دیا گیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: عراق میں حشد الشعبی فورسز کے حق میں قانون سازی کی بڑھتی ہوئی کوششوں پر صیہونی لابی اور بیرونی طاقتیں متحرک ہوگئی ہیں اور ان عوامی مزاحمتی فورسز کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا تیز کر دیا گیا ہے۔

عراقی سیاسی تجزیہ کار ریاض الوحیلی نے خبردار کیا ہے کہ بعض کرد سیاسی شخصیات بیرونی حمایت کے ساتھ مل کر حشد الشعبی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صیہونی ریاست اس زہریلی مہم پر بھاری سرمایہ خرچ کر رہی ہے تاکہ فورسز کی عوامی اور سیاسی حمایت کو کمزور کیا جا سکے۔

الوحیلی نے واضح کیا کہ حشد الشعبی ایک عقیدتی اور عسکری ادارے کے طور پر اس وقت نفسیاتی اور میڈیا وار کا نشانہ ہے، لیکن یہ مہم کسی نتیجے پر نہیں پہنچے گی۔

اسی حوالے سے عراقی پارلیمان کے رکن مختار الموسوی نے کہا ہے کہ بیرونی دباؤ اور رکاوٹوں کے باوجود عوام اور پارلیمان کی مرضی غالب آئے گی اور آنے والے دنوں میں حشد الشعبی کی حیثیت عراق کے سیکورٹی ڈھانچے میں مزید مضبوط ہوگی۔

یاد رہے کہ عراقی پارلیمان اس وقت حشد الشعبی کی تنظیم نو اور باضابطہ قانونی حیثیت دینے کے بل پر غور کر رہی ہے، جبکہ امریکہ اور صیہونی ریاست اس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حشد الشعبی کی شاندار کامیابیوں نے واشنگٹن اور تل ابیب کو شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔

ٹیگس