افغانستان میں بھیانک سڑک حادثہ ، کئی لوگوں کی موت
افغانستان کے صوبہ ہرات میں اسلام قلعہ کے راستے پر منگل کی شب پیش آنے والے ایک دلخراش ٹریفک حادثے میں ایک بس میں آگ لگنے سے پچپن سے زائد افغان مہاجرین اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ ٹریفک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایرانی سرحد سے افغانستان میں داخل ہونے والے افغان مہاجرین کو لے جانے والی مسافر بس میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر سڑک کے کنارے آگ لگ گئی۔
رپورٹ کے مطابق آگ کے شعلے تیزی سے پھیل گئے اور بس کے تمام مسافر کہ جن میں اکثریت ایران سے واپس آنے والے تارکین وطن کی تھی، آگ کی لپیٹ میں آکر اپنی جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹ کے مطابق آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مسافروں کو بچانا ممکن نہیں تھا۔اب تک ہرات صوبے میں طالبان کے مقامی حکام نے آگ لگنے کی وجہ اور متاثرین کی صحیح تعداد کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔تاہم مقامی ذرائع نے اس واقعے کو خطے کے سب سے المناک ٹریفک حادثات میں سے ایک قرار دیا ہے۔واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ابتدائی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔