دوحہ اجلاس کی کامیابی کا دار و مدار قطر کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات پر ہے: یاسر الحوری
یمن کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ دوحہ عرب اسلامی اجلاس کا کمزور نتیجہ جرائم کے ارتکاب میں صیہونی حکومت کی حوصلہ افزائی کرے گا
سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری یاسر الحوری نے کہا کہ اب تک صیہونی حکومت کے جرائم پر عرب اور اسلامی ملکوں کا ردعمل کمزور رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کے جرائم پر شروع سے ہی عرب اور اسلامی ملکوں کا محکم ردعمل سامنے آنا چاہئے تھا۔
یمن کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ عرب اور اسلامی ملکوں کو ان جرائم کا مشاہدہ کرنے کے بعد، غزہ، غرب اردن، شام، لبنان، ایران ، یمن اور حال ہی میں قطر پر کی جانے والی جارحیت کے مقابلے میں محکم اور ٹھوس موقف اختیار کرنا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کی جارحیت یہیں نہیں رکے گی بلکہ مصر، اردن، سعودی عرب،عراق اور علاقے کے دیگر ملکوں تک بھی پہنچے گی۔
یمن کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری یاسر الحوری نے کہا کہ عرب اور اسلامی ممالک کے امریکا کے ساتھ مختلف طرح کے عہد وپیمان ہیں، جس کی وجہ سے وہ کوئی سنجیدہ موقف اختیار نہیں کریں گے ۔
انھوں نے کہا کہ عرب اور اسلامی ممالک اپنے ذخائر اوروسائل سے دنیا کو جھکا سکتے ہیں لیکن وہ اس مسئلے ميں ان سے کام نہیں لیں گے اور دوحہ اجلاس کا نتیجہ امیدوں اور توقعات کی سطح کا نہیں ہوگا۔