صیہونی حکومت کو روکا نہ گیا تو تمام عرب ممالک اس کی زد میں آئيں گے: سید بدرالدین الحوثی
انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن دنیا کی نظروں کے سامنے اس صدی کی خوفناک ترین نسل کشی کا ارتکاب کر رہا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا ہے کہ غزہ پٹی کے دہشت ناک واقعات سے اگر کسی میں بھی ذرہ برابر انسانیت پائی جاتی ہو تو وہ خاموش نہیں بیٹھ سکتا۔ انصاراللہ کے سربراہ نے صیہونی سفاکیت کو عالم اسلام کی کمزوری کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسلمان جو ایک ملت کی تباہی کو خاموشی سے دیکھتے رہے اچھی طرح سے جان لیں کہ صیہونی منصوبوں کے تحت انہیں بھی استثنا نہیں ملے گا اور وہ بھی اسرائیل کی زد میں ضرور آئیں گے۔
انصاراللہ یمن کے سربراہ نے زور دے کر کہا کہ صیہونی حکومت نے گزشتہ چند مہینے کے دوران متعدد اسلامی اور عرب ممالک کو نشانہ بنایا ہے اور اب شام کے بعد اردن کو سنجیدہ خطرہ لاحق ہے۔
سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے دوحہ میں عرب-اسلامی اجلاس کے حسب توقع کمزور نتیجے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کمزور نتیجے کی وجہ سے صیہونی حکومت کی جرات میں اضافہ ہوگیا ہے اور اب قطر کے علاوہ خلیج فارس تعاون کونسل کے دیگر ملکوں حتی کہ دیگر عرب اور اسلامی ممالک صیہونی جارحیت کا شکار بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان عرب اور اسلامی ملکوں میں امریکی اڈوں کی موجودگی نے بھی انہیں اسرائیلی حملوں کے مقابلے میں محفوظ نہیں بنایا بلکہ اسرائیلی دشمن امریکی فوجی اڈوں کو اپنے حملوں کے لیے مفید سمجھتا ہے۔ انہوں نے یہ سوال اٹھایا کہ یورپی ممالک اپنے اجلاس میں یوکرین کو اربوں ڈالر پر مشتمل ہتھیار اور وسائل دیتے ہیں تو دوحہ اجلاس میں فلسطینی عوام کی کھل کر حمایت کا کیوں اعلان نہیں کیا گیا؟