غزہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت میں کتنے صحافی شہید ، حماس نے اعداد و شمار جاری کئے
تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے خلاف نسل کشی کی جنگ کے آغاز سے اب تک دو سو اکیاون صحافیوں کی شہادت فاشسٹ غاصب حکومت کا ایک گھناؤنا جرم اور تمام بین الاقوامی قوانین اور کنونشنز کی صریح خلاف ورزی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تحریک حماس نے آج جمعہ کو فلسطینی صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں صحافیوں کے خلاف گھناؤنے جرائم انجام دے کر حقائق کو چھپایا نہیں جا سکتا اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ غاصب صیہونی حکومت کے جرائم بے نقاب ہوکر رہیں گے-
تحریک حماس نے جارح اور غاصب صیہونی حکومت اور امریکی حکومت کو گذشتہ تیئیس ماہ کے دوران فلسطینی صحافیوں اور غزہ کے باشندوں کے خلاف جرائم کا مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہرایا اور اس بات پر زور دیا کہ صیہونیوں کا جھوٹا پروپیگنڈہ، اپنے اہداف حاصل کرنے اور فلسطینی عوام کے نظریات اور ان کی پائیداری و استقامت کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔
حماس نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی صحافیوں کے خلاف قابض فوج کے جرائم کی مذمت کریں اور قابض حکومت کے اہلکاروں کے خلاف غزہ کی پٹی میں جنگی جرائم کے ارتکاب پر عالمی عدالتوں میں مقدمہ دائر کریں۔
تحریک حماس نے دو سو اکیاون صحافیوں کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے ان تمام میڈیا صحافیوں کو بھی سلام پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا جو سچائی کو پہنچانے اور دہشت گرد قابضین کے جرائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں اپنا کردار جاری رکھے ہوئے ہیں۔