سوڈان میں انسانی بحران شدت اختیار کر گیا؛ الفاشر سے ہزاروں افراد فرار ہوگئے
خبر رساں ذرائع نے سوڈان کے شہر الفاشر سے ہزاروں افراد کے فرار ہونے اور سوڈان کی فوج کے ہاتھوں جنرل حمیدتی کی فورس کے دو ڈرون مارے جانے کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: سوڈانی وزیر برائے سماجی ترقی معتصم احمد صالح نے اعلان کیا ہے کہ پچاس ہزار افراد الفاشر چھوڑ کر شمالی ریاست کے شہر الدبہ کی طرف فرار ہوگئے ہیں-
دوسری جانب سوڈان کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ریپیڈ فورس کے دو اسٹریٹیجک ڈرون کو کردوان صوبے کے شہر الابیض میں مار گرایا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ الفاشر شہر کا سقوط، سوڈان کی اٹھارہ ماہ کی جنگ کے سب سے خونی اور تباہ کن واقعات میں سے ایک ہے-

واضح رہے کہ محمد حمدان دقلو جسے حمیدتی کے نام سے جانا جاتا ہے کی سربراہی میں ریپڈ سپورٹ فورس آر ایس ایف ، نے دارفور میں آخری بڑے فوجی اڈے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے، یہ واقعہ سوڈان کا نقشے کو ہمیشہ کے لیے تبدیل کر سکتا اور ملک کی عملی تقسیم کو یقینی بنا سکتا ہے۔
الفاشر شہر سوڈانی فوج کے زیر کنٹرول دارفور کا آخری مرکزی شہر تھا، اور اس کی حفاظت ریپڈ سپورٹ فورسز کی پیش قدمی میں ایک اہم اسٹریٹجک رکاوٹ کا کام کر رہی تھی-سوڈان کی فوج اور ریپیڈ سپورٹ فورس کے درمیان جنگ میں اب تک ڈیڑھ لاکھ عام شہری مارے جا چکے ہیں جبکہ ایک کروڑ دس لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوچکے ہیں -