Nov ۱۰, ۲۰۲۵ ۰۹:۲۷ Asia/Tehran
  • سی آئی اے، موساد اور سعودی خفیہ اداروں سے جڑا جاسوسی نیٹ ورک یمن میں بے نقاب

یمنی حکومت کے مطابق سعودی عرب میں قائم ایک خفیہ مرکز سے جڑے کئی جاسوس گروہوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ اس کی سکیورٹی فورسز نے ایک بڑے جاسوسی نیٹ ورک کو گرفتار اور ناکارہ بنا دیا ہے جو امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے، صہیونی ایجنسی موساد اور سعودی انٹیلی جنس کے مشترکہ آپریشن روم سے منسلک تھا۔

وزارت داخلہ کے مطابق یہ کارروائی کئی مراحل میں انجام پائی اور اسے ایک بڑی سکیورٹی کامیابی قرار دیا گیا ہے۔

وزارتِ داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مشترکہ آپریشن روم سعودی عرب کی سرزمین پر قائم تھا، جہاں سے متعدد چھوٹے، علیحدہ اور خفیہ سیلز کو کنٹرول کیا جارہا تھا۔ ان سیلز کو جدید جاسوسی آلات فراہم کیے گئے تھے اور ان کا کام یمنی بنیادی ڈھانچے، فوجی، سکیورٹی اور اسلحہ جاتی تنصیبات کی نگرانی کرنا تھا، جن میں میزائل لانچنگ مقامات بھی شامل تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ نیٹ ورک یمنی عوام کے خلاف امریکی اور صیہونی حملوں میں مدد فراہم کرتا تھا اور اس نے دشمن کو وہ معلومات اور مقامات فراہم کیے جن پر حملے کرکے یمنی شہریوں کے خون بہائے گئے۔ نیٹ ورک کی سرگرمیاں گھروں، مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر حملوں میں معاون ثابت ہوئیں۔

وزارتِ داخلہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ یہ مشترکہ نیٹ ورک اس وقت تشکیل دیا گیا جب خطے میں غزہ کی حمایت روکنے کے لیے دشمن کی جانب سے کشیدگی بڑھائی جا رہی تھی۔ اس بڑی سکیورٹی کامیابی نے دشمن کے کئی منصوبے بے نقاب کردیے ہیں۔

آخر میں وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ یمن تمام تر سازشوں اور دشمن کے اقدامات کے باوجود فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور مظلوموں کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

ٹیگس