سوڈان: ریپڈ سپورٹ فورسز کے ڈرون حملے میں ہلاکتوں کی تعداد اناسی تک پہنچ گئی
سوڈان میں شہری تنصیبات پر ریپڈ سپورٹ فورسز کے ڈرون حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر اناسی ہو گئی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: سوڈان کے کردفان کے شہر کالوقی کے ایک عہدیدار عصام الدین السید انقلو نے بتایا کہ جمعرات کو جو ڈرون حملہ ریپڈ سپورٹ فورسز نے کیا اس میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر اناسی ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں بتیس مرد، چار خواتین اور تینتالیس بچے شامل ہیں ۔ جبکہ اکیس مرد، چھ خواتین اور گيارہ بچوں سمیت اڑتیس افراد زخمی بھی ہوئے۔
سوڈان ٹریبیون کے مطابق یہ حملہ جمعرات کو ایک ڈرون کے ذریعے کیا گیا جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس کا تعلق ریپڈ سپورٹ فورسز سے ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok
ڈرون نے سب سے پہلے ایک کِنڈر گارٹن پر میزائل داغا جس سے متعدد بچے جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
اس کے بعد جب لوگ زخمیوں کی مدد کے لیے جمع ہوئے تو دوسرا میزائل داغا گیا اور آخر میں تیسرا میزائل ایک اسپتال پر اس وقت مارا گيا کہ جب زخمیوں کو وہاں منتقل کیا جا رہا تھا، جس سے اس کا بڑا حصہ تباہ ہو گیا۔
مقامی حکام نے خبردار کیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ رپورٹ کے مطابق جس اسپتال میں زخمیوں کو منتقل کیا جا رہا تھا اسے بھی نشانہ بنایا گیا۔