حماس: مسجد الاقصی کی حمایت کی اپیل
Sep ۰۲, ۲۰۱۵ ۲۱:۵۳ Asia/Tehran
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے صیہونی حکومت کی سازشوں کے مقابلے میں مسجد الاقصی کی ہمہ گیر حمایت پر تاکید کی ہے-
فلسطین آن لائن کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے رہنما موسی ابو مرزوق نے مسجد الاقصی کو زمان و مکان میں تقسیم کرنے کی صیہونی حکومت کی سازشوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے مسلمانوں اور فلسطینیوں کو سماجی، سیاسی اور صحافتی جدوجہد شروع کرنا چاہئے-درایں اثنا پی ایل او کے قدس سے متعلق امور کے سربراہ احمد قریع نے مسجد الاقصی کے صحن میں انتہاپسند یہودی آبادکاروں کی یلغار آسان بنا کر مسجد الاقصی کی زمان و مکان میں تقسیم کے اسرائیلی منصوبے پر عمل درآمد کے خطرے اور مسجد الاقصی میں فلسطینی خواتین سمیت نمازیوں کا داخلہ روکنے پر انتباہ دیا ہے-
مقبوضہ قدس میں اسلامی اوقاف کے ادارے کے سربراہ عزام الخطیب نے بھی کہا ہے کہ ملت فلسطین، صیہونیوں کو مسجد الاقصی کو زمان و مکان میں ہرگز تقسیم نہیں کرنے دے گی- صیہونی حکومت، مسلسل دو ہفتوں سے نمازیوں کو مسجدالاقصی میں داخل نہیں ہونے دے رہی ہے اور انتہاپسند یہودی آبادکار، اسرائیلی فوجیوں کی مدد سے اس مسجد میں یلغار کر کے اس مقدس مقام کی اہانت کر رہے ہیں-