محمود عباس کا اپنے استعفے کے بارے میں مشورہ
Sep ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے صدرمحمود عباس نے علاقے کے کچھ ممالک سے اپنے استعفے کے بارے میں صلاح و مشورہ کیا ہے
فسلطینی نیوزایجنسی سما کی رپورٹ کے مطابق محمود عباس نے مصرکے صدرعبدالفتاح السیسی ، سعودی عرب کے فرماںروا سلمان بن عبدالعزیز، اور اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم سے اپنے استعفے کے بارے میں بات چیت کی ہے-محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس کے قریبی ذائع کا کہنا ہے کہ محمود عباس کے استعفے کی اصلی وجہ، فلسطین کے مسئلے میں پیدا ہونے والا سیاسی تعطل ہے-
محمود عباس نے محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کی صدارت کے عہدے سے مستعفی ہونے کی خبر دی ہے تاہم اس کا اعلان نئے صدر کے تعین کے بعد کریں گے-
محمود عباس نے فلسطینی شخصیتوں کے ساتھ حالیہ اجلاس میں کہا تھا کہ وہ پی ایل او کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے- پروگرام کے مطابق فلسطین کی قومی کونسل کے اجلاس میں ایگزیکٹیوکمیٹی کے نئے ممبران کا انتخاب چودہ اور پندرہ ستمبرکو ہوگا-
محمود عباس نے کہا ہے کہ وہ تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کی رکنیت کے لئے بھی امیدوار نہیں بنیں گے- تحریک فتح کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین آئندہ انتیس ستمبر کو منتخب ہوں گے- محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے صدرمحمود عباس ایسے عالم میں اقتدار سے الگ ہونے کی بات کر رہے ہیں کہ وہ کئی برس سے غیرقانونی طور پرفلسطینی انتظامیہ کے صدر ہیں-