بیت المقدس میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں
Sep ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۲:۲۱ Asia/Tehran
-
بیت المقدس میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں
بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں اور غاصب صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں-
اطلاعات کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے پیرکی رات کو کئی فلسطینی شہریوں کوگرفتارکرنے کی کوشش میں بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کے گھروں پردھاوا بول دیا- اس موقع پرصیہونی فوجیوں نے آنسوگیس بھی استعمال کی جس کے بعد صیہونی فوجیوں اورفلسطینیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں- عینی شاہدین کے مطابق ان جھڑپوں میں متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے جن میں ایک عورت اور ایک بچہ بھی شامل ہے- صیہونی فوجیوں کی جانب سے آنسو گیس کے استعمال کی وجہ سے دسیوں فلسطینیوں کی حالت خراب بھی ہوگئی-
ادھر بیت المقدس کے وادی الجوز علاقے میں ایک سولہ سالہ فلسطینی نوجوان محمد سقراط کی شہادت کی پہلی پرسی کی مناسبت سے مظاہرہ کیا گیا- اس موقع پر بھی فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں- عینی شاہدین نے بتایا کہ صیہونی فوجیوں نے منگل کی صبح بھی بیت المقدس کے بعض علاقوں میں کارروائی کی- صیہونی فوجیوں نے ان علاقوں میں فلسطینیوں کے گھروں پر حملہ کیا اور ان کی تلاشی لی-
قابل ذکر ہے کہ بیت المقدس میں صیہونی فوجیوں اورفلسطینیون کے درمیان تقریبا" ہرروز ہی جھڑپیں ہوتی ہیں نیزصیہونی فوجی اورانتہا پسند صیہونی آبادکارمسجد الاقصی پرحملے کرتے رہتے ہیں-