تحریک حماس کا فلسطین کے داخلی بحران سے نکلنے کا منصوبہ
Sep ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۲:۳۸ Asia/Tehran
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے فلسطین کے داخلی بحران سے نکلنے کے لئے ایک منصوبہ پیش کیا ہے-
فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ خالد مشعل نے پیر کی رات فلسطین کے داخلی بحران سے نکلنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے تمام جہادی گروہ، صیہونی حکومت سے مقابلے کے لئے ایک قومی اسٹریٹجی اور حکمت عملی اختیار کریں-خالد مشعل نے مزید کہا کہ قومی کونسل کا اجلاس، قومی اتفاق رائے کے بعد منعقد ہوکیونکہ اس اجلاس کے انعقاد سے مسئلہ فلسطین اورفلسطینیوں کے درمیان اتحاد کو نقصان پہنچے گا-
تحریک حماس کے اس رہنما نے قومی حکومت کی تشکیل کی ضرورت پرتاکید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی پارلیمنٹ کے اجلاس کے انعقاد کا ماحول بھی فراہم ہونا چاہئے تاکہ پارلیمنٹ معاہدے کے مطابق اپنا کام شروع کرے-
تحریک حماس کے رہنما خالد مشعل نے قومی آشتی کے عملی جامہ پہننے، داخلی اختلافات کے خاتمے ، فلسطین کے صدارتی، پارلیمانی اورقومی کونسل کے انتخابات کے انعقاد اورتمام فریقوں کے درمیان تعاون اوراشتراک عمل کومضبوط بنانے کا مطالبہ کیا-
تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے مسجد الاقصی کو زمان و مکان میں تقسیم کرنے کے صیہونی حکومت کے اقدامات کے بارے میں خبردارکرتے ہوئے فلسطین کے تمام جہادی گروہوں سے مطالبہ کیا کہ مسجد الاقصی کے دفاع میں اور غاصب صیہونی حکومت کے خلاف متحد ہوجائیں-
خالد مشعل نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ فلسطین کے موجودہ حالات بہت حساس اورخطرناک ہیں، کہا کہ تمام فلسطینی گروہ، قومی مفادات کو ذاتی اورجماعتی مفادات پرترجیح دیں-