فلسطین: مسجد الاقصی کی حمایت کے لئے فوری اسلامی کانفرنس بلانے کا مطالبہ
Sep ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
محدود خودمختار فلسطینی انتظامیہ کے وزیر خارجہ نے دنیا کے مختلف ملکوں میں فلسطینی سفارتخانوں کو ایک مراسلہ ارسال کرکے، مسجد الاقصی کی حمایت کے مقصد سے فوری اسلامی کانفرنس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا ہے-
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ریاض المالکی نے مسجد الاقصی کے خلاف آئے دن صیہونی فوجیوں کے حملوں اور جارحانہ اقدامات کی روک تھام کے مقصد سے فوری طور پر ایک کانفرنس کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے-انہوں نے مسجد الاقصی کی زمان و مکان میں تقسیم کا منصوبہ مسلط کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی- ریاض المالکی نے کہا کہ صہیونی حکومت نے مسجد الاقصی کو تقسیم کرنے کے لئے جس طرح سے منظم فوجی حملہ کیا ہے وہ "یہودی گھر" پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر زراعت "اوری آریل" کی شراکت سے مسجدالاقصی پر یہودی آبادکاروں کو حملے کی ترغیب دلانے کے لئے ایک مسلسل اور حقیقی کام میں تبدیل ہو گیا ہے- مسجد الاقصی پر گذشتہ تین دنوں سے اسرائیلی فوج اور صہیونی آبادکار مسلسل حملے کر رہے ہیں اور ان حملوں میں دسیوں فلسطینی زخمی اور گرفتار کئے جا چکے ہیں-