Sep ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۳:۳۴ Asia/Tehran
  • مسجدالاقصی پر مسلسل چوتھے روز بھی صیہونیوں کے حملے جاری
    مسجدالاقصی پر مسلسل چوتھے روز بھی صیہونیوں کے حملے جاری

صیہونی آباد کاروں نے مسلسل چوتھے روز بھی مسجد الاقصی پر حملہ کرکے اس کی بے حرمتی کی ہے۔

الاقصی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق صیہونی آباد کاروں نے اسرائیلی فوج کی پشت پناہی سے، آج مسلسل چوتھے روز مسجد الاقصی پر حملہ کیاہے-

مسجد الاقصی میں موجود نمازیوں اور اس کے دفاع کرنے والے گروہوں نے اللہ اکبر کے نعرے کے ساتھ صیہونی آباد کاروں کا مقابلہ کیا تاہم غاصب فوجیوں نے ان کو زد و کوب کرکے تیس سے زائد افراد کو زخمی اور چار کو گرفتار کرلیا-
 غاصب اسرائیلی فوجیوں نے منگل کو بھی مسجد الاقصی پر حملہ کرکے نمازیوں پر فائرنگ کر کے ان پر آنسو گیس کے گولے پھینکے تھے جس میں دسیوں افراد زخمی ہوگئےتھے۔
بیت المقدس کے قدیمی علاقوں میں بچے، نوجوان اور طلباء بھی اسرائیلی فوج کے مظالم سے محفوظ نہیں ہیں اور صیہوںی فوجیوں نے مسجدالاقصی کے ایک دروازے کے پاس کئی طالبات کو بھی مارا پیٹا ہے- اسی طرح منگل کو مقبوضہ بیت المقدس کے العیسویہ علاقے میں ایک فلسطینی بچی، صیہونی فوج کی ربر کی گولی کا نشانہ بن کر زخمی ہوگئی-
 در ایں اثنا مشرق وسطی کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے نیکلای ملادینوف نے بیت المقدس میں رونما ہونے والی حالیہ کشیدگی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے، سلامتی کونسل کو خبردار کیا ہے کہ مسجد الاقصی کے احاطوں میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان جاری جھڑپیں، بیت المقدس شہر میں تشدد کی آگ بھڑک اٹھنے کا باعث بنیں گی-

ٹیگس