صبرا و شتیلا کی برسی کی مناسبت سے لبنان میں احتجاجی مظاہرہ
Sep ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۹ Asia/Tehran
ہزاروں لبنانیوں اور فلسطینیوں نے صبرا و شتیلا کیمپوں میں صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کے جرائم کی برسی کے موقع پر بیروت میں مظاہرہ کیا ہے-
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس مظاہرے میں لبنانی عوام اور اس ملک میں مقیم فلسطینی اپنے ہاتھوں میں فلسطین اور لبنان کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور وہ بیروت میں صبرا و شتیلا کیمپوں میں انجام پانے والے جرائم کے ذمہ داروں پر مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر رہے تھے- صبرا و شتیلا کیمپوں میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ اپنے شہیدوں کی تصویریں اٹھائے ہوئے تھے اور صیہونی حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے-مظاہرین نے صبرا و شتیلا کے مجرموں سے انتقام لینے پر بھی تاکید کی- دوسری جانب لبنان میں قائم واپسی کے حق نامی ادارے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صبرا و شتیلا کیمپوں میں فلسطینیوں کا قتل عام صیہونیوں کے جرائم کا ایک واضح ثبوت ہے-
انیس سو بیاسی میں صیہونی حکومت کے اس وقت کے وزیر جنگ ایریل شیرون اور لبنانی فلانجسٹوں نے بیروت کے صبرا و شتیلا کمیپ میں سولہ سے اٹھارہ ستمبر تک وحشیانہ طریقے سے فلسطینیوں کا قتل عام کیا اور ان کی لاشون کو مسخ کر کے اجتماعی قبروں میں دفن کر دیا- اس وحشیانہ قتل عام میں تین ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے تھے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے-