تحریک حماس کا صیہونی حکومت کو انتباہ
Sep ۱۸, ۲۰۱۵ ۲۰:۴۵ Asia/Tehran
تحریک حماس کے رہنما اسماعیل رضوان نے صیہونی حکومت کو مسجدالاقصی پر حملوں کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
فلسطین الیوم ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی کے فلسطینیوں نے مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے خلاف جمعے کے دن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس احتجاجی مظاہرے میں تحریک حماس کے رہنما اسماعیل رضوان نے تقریر کرتے ہوئے صیہونی حکومت کو مسجدالاقصی پر حملوں کی بابت خبردار کیا اور کہا کہ تحریک حماس صیہونی حکومت کی جانب سے مسجدالاقصی کی بے حرمتی کئے جانے پر خاموش نہیں رہے گی۔تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما خالد البطش نے بھی اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ انتفاضہ شروع ہونے والا ہے کیونکہ فلسطینی قوم بیت المقدس کی تقسیم، اس کے انہدام اور اسے یہودی رنگ میں رنگنے پر مبنی صیہونی حکومت کے اقدامات پر خاموش نہیں رہے گی۔ خالد البطش نے مزید کہا کہ جب تک بیت المقدس کی تقسیم اور اسے یہودی رنگ میں رنگنے پر مبنی اسرائیل کی سازشیں جاری رہیں گی تب تک امن قائم نہیں ہو گا۔