Sep ۲۱, ۲۰۱۵ ۰۹:۱۷ Asia/Tehran
  • عراق کے صدر فواد معصوم
    عراق کے صدر فواد معصوم

عراقی صدر فواد معصوم نے کہا ہےکہ عید الاضحی کے بعد قومی مصالحتی منصوبے پر عمل درآمد شروع ہوگا۔

ایشیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صدر فواد معصوم نے کہا ہے کہ قومی مصالحتی منصوبہ مکمل ہوگیا ہے اور عید الاضحی کے بعد اس پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب تمام عراقی گروہوں کے درمیان ہمہ گیر مصالحت کا منصوبہ مکمل ہوگیا ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ عید الاضحی کے بعد عراقی گروہوں اور پارٹیوں کے درمیان امن و آشتی برقرار ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے برخلاف یہ قومی مصالحتی منصوبہ ہمہ گیر اور وسیع البنیاد ہے۔ عراقی صدر نے ملک کی سیاسی، سیکورٹی اور معیشتی صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں جو مظاہرے ہوئے ہیں وہ حکام کو بیدار کرنے کےلئے ضروری تھے اور مراجع کرام نے بھی اس پر زور دیا ہے۔
صدر فواد معصوم نے کہا کہ وزیر اعظم حیدرالعبادی نے ان سے مشورہ کئے بغیر اپنی اصلاحات کا پروگرام پیش کردیا جبکہ ضروری تھا کہ ان کے منصوبے کا مکمل طرح سے جائزہ لیا جاتا، کیونکہ عراق اس وقت بڑے حساس حالات سے گزر رہا ہے۔
عراقی صدر نے کہا کہ داعش کا خطرہ عراق کے گروہوں اور سیاسی پارٹیوں کے درمیان حقیقی مصالحت کے بغیر ختم نہیں ہوسکتا۔

ٹیگس