Sep ۲۹, ۲۰۱۵ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
  • سانحہ منیٰ: سعودی حکام کا 4000 سے زائد حاجیوں کے جاں بحق ہونےکا اعتراف
    سانحہ منیٰ: سعودی حکام کا 4000 سے زائد حاجیوں کے جاں بحق ہونےکا اعتراف

سعودی حکام نے سانحہ منیٰ میں چار ہزار سے زائد حجاج کرام کے جاں بحق ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

پریس ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے نائب وزیر صحت نے سانحہ منیٰ میں چار ہزار ایک سو تہتر حاجیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

بعض خبروں میں سانحہ منیٰ میں جاں بحق ہونے والے حاجیوں کی تعداد چار ہزار سات سو سے زائد بتائی گئی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت صحت نے اپنے انٹرنیٹ پیج پر نائب وزیر صحت محمد الضویلع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سانحہ منیٰ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چار ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

محمد الضویلع نے آج صبح اعلان کیا کہ سانحہ منیٰ میں جاں بحق ہونے والے چار ہزار ایک سو تہتر افراد کی تصویروں کا البم انہیں موصول ہوگیا ہے اور مرنے والوں کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

سعودی عرب کی وزارت صحت کے آپریشن روم نے گرمی کی شدت، دم گھٹنے اور حد سے زیادہ اژدھام کو حاجیوں کی موت کی وجہ قرار دیا ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ ابتدائی طور پر جائے وقوعہ سے جو رپورٹیں ملی تھیں ان کی بنیاد پر سات سو انہتر افراد کے جاں بحق ہونے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن سعودی وزارت صحت کو گزشتہ رات جو لاشیں ملی ہیں ان کو سامنے رکھتے ہوئے مرنے والوں کی تعداد چار ہزار ایک سو تہتر ہوگئی ہے۔ دوسری جانب سعودی وزارت صحت نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اس خبر کی تردید کی ہے۔

اکثر مبصرین کا خیال ہے کہ سعودی حکام اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کے لئے سانحہ منیٰ میں جاں بحق ہونے والوں کی اصل تعداد چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک دوسو انتالیس ایرانی حجاج کرام جاں بحق ہوچکے ہیں۔ چوالیس پاکستانی اور چھیالیس ہندوستانی حاجیوں کے جاں بحق ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

ٹیگس