روسی فوج کی کاروائیاں،شام سے داعش کی پسپائی شروع
Oct ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۹:۰۴ Asia/Tehran
-
روسی فوج کی کاروائیاں،شام سے داعش کی پسپائی شروع
روسی فضائیہ اور شامی فوج کی مشترکہ کاروائیوں کے نتیجے میں داعش کے دہشت گردوں نے شام سے پسپائی اختیار کرنا شروع کردی ہے۔
روسی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈئیر ایگور کوناشنکوف نے کہا ہے کہ روسی فوج کے فضائی حملوں اور شامی فوج کی پیشقدمی کے باعث داعش کے دہشت گرد شام سے پسپا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا روس اس حوالے سے اپنے سیٹلائٹوں اور انٹیلی جینس معلومات نیز بغداد میں قائم مشترکہ انٹیلی جینس مرکز سے ملنے والی اطلاعات کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان اطلاعات و معلومات کے جائزے کے لئے شام میں جاسوسی کی پروازوں میں اضافہ بھی کیا جارہا ہے۔
اعدو شمار کے مطابق روسی فضائیہ نے شام میں حملوں کے آغاز سے اب تک داعش دہشت گرد گروہ کے سیکڑوں ٹھکانوں، تربیتی مراکز ، اسحلے کے گوداموں اور کمانڈ سینٹروں کو تباہ و برباد کردیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بحیرہ خزر میں تعینات روسی بحری بیڑوں نے بھی گزشتہ دنوں داعش کے ٹھکانوں پر چھبیس کروز میزائیل داغے تھے جس کے نتیجے میں داعش کے متعدد اہم ٹھکانے تہس نہس ہوگئے تھے۔