Oct ۲۱, ۲۰۱۵ ۱۲:۴۹ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایران اور روس کی کوشش
    دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایران اور روس کی کوشش

شام کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور روس کا مقصد دہشت گردی کو ختم کرنا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق شام کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ولید المعلم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلے میں شام میں ایران اور روس کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک بحران شام کے حل کے لیے سیاسی راہ حل تک پہنچنے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ولید المعلم نے چینی وزارت خارجہ میں مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ کے شعبے کے انچارج وانگ یی سے ملاقات میں شام کے تمام دوست ممالک کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف شام کے موقف کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ شام دہشت گردی کے خلاف جنگ، اپنی قوم، ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کے دفاع اور تحفظ کے لیے کسی بھی اقدام سے دریغ نہیں کرے گا۔

شام کے وزیر خارجہ نے بعض ممالک کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت اور دہشت گردوں کو تربیت دینے اور انھیں مسلح کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی سرکردگی میں دہشت گردی کے خلاف نام نہاد بین الاقوامی اتحاد نے داعش اور جبہۃ النصرہ سمیت دہشت گرد گروہوں کو ختم کرنے کے لیے کبھی بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔

وانگ یی نے بھی اس ملاقات میں چین اور شام کے تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بحران شام کی سیاسی راہ حل تلاش کرنے کے سلسلے میں بین الاقوامی کوششوں کی اہمیت پر تاکید کی۔

ٹیگس