Nov ۰۷, ۲۰۱۵ ۱۴:۱۷ Asia/Tehran
  • یمنی فوج کے سعودی عرب پر جوابی حملے، دسیوں سعودی فوج ہلاک اور زخمی
    یمنی فوج کے سعودی عرب پر جوابی حملے، دسیوں سعودی فوج ہلاک اور زخمی

یمن کی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے سعودی عرب کی جارحیتوں کے جواب میں جیزان کے علاقے میں سعودی فوجی اڈوں پر میزائلوں اور مارٹر گولوں سے حملہ کر کے دسیوں سعودی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا۔

یمن کی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے جیزان میں سعودی فوج کے المصفق ، خوجرہ، بنیالین ، اور خباش فوجی اڈوں پر میزائلوں اور مارٹرگولوں کی بارش کردی جس کے نتیجے میں دسیوں سعودی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے - اس حملے میں سعودی فوج کے سازوسامان اور متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں - المسیرہ ٹیلی ویژن نےخبر دی ہے کہ اس حملے میں سعودی عرب کا حثیرہ کنٹرول ٹاور بھی تباہ ہو گیا ہے-

یمنی فوج نے سعودی عرب کے سرحدی گاؤں المعنق میں ایک فوجی چھاؤنی پر بھی حملہ کیا اس حملے میں بھی متعدد فوجی ہلاک ہو گئے- اس سے پہلے جمعےکو بھی یمنی فوج نے سعودی عرب کی طوال فوجی چھاؤنی پر حملہ کر کے سعودی فوج کو زبردست نقصان پہنچایا تھا- اس درمیان یمنی فوج نے صوبہ ضالع میں دارالحسن کا علاقہ دہشت گردوں، سعودی ایجنٹوں اور منصورہادی کے افراد سے خالی کرا لیاہے -

دوسری جانب سعودی عرب نے یمن کے رہائشی علاقوں پر اپنی وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دارالحکومت صنعا کے علاقے ضبوہ میں رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا -صنعا سے موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے طیاروں نے صنعا میں ایک رہائشی مکان پر اس وقت حملہ کیا جب لوگ شادی کی ایک تقریب میں شریک تھے - جبکہ سعودی جنگی طیاروں نےصوبہ جوف میں ایک پٹرول پمپ پر بھی حملہ کرکے اس کو تباہ کردیا۔ اس حملے میں عام شہریوں کی دسیوں گاڑیاں جل کر راکھ ہو گئیں-

صوبہ صعدہ میں بھی ایک بازار پر سعودی لڑاکا طیاروں کے حملے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں - ادھر حجہ میں بھی سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے لڑاکاطیاروں نے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے -

واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک نے چھبیس مارچ سے یمن پر جارحیت کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد ریاض کے حمایت یافتہ سابق مفرور صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانا تھا۔ یمن پر سات ماہ سے جاری حملوں کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اسلامی دنیا کے اس غریب عرب ملک کی بنیادی تنصیبات کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔


ایک اور خبر کے مطابق یمن نے باب المندب میں سعودی حکومت کا ایک اوربحری جنگی جہاز تباہ کردیا ہے۔ یمن الیوم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق باب المندب میں سعودی حکومت کا ایک جنگی بحری جہاز سنیچر کو انصاراللہ کے میزائلی حملے میں تباہ ہو گیا۔ اس سے پہلے جمعے کی رات بھی یمنی فوج کے ایک حملے میں سعودی حکومت کی دو فوجی کشتیاں تباہ ہو گئی تھیں ۔

ٹیگس