داعش دہشت گردوں کا شام سے فرار کا سلسلہ شروع
-
داعش دہشت گردوں کا شام سے فرار کا سلسلہ شروع
شام میں داعش کے ٹھکانوں پر روس اور فرانس کے حملوں میں شدت کے بعد داعش کے دہشت گرد شام سے فرار ہو رہے ہیں۔
اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق شام کے شمال میں داعش گروہ کے ٹھکانوں پر روس اور فرانس کے ہوائی حملوں میں شدت کے بعد اس گروہ کے دہشت گرد شام سے عراق کے شہر موصل کی طرف فرار ہو رہے ہیں۔
اسکائی نیوز نے بدھ کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شام کے شہر الرقہ میں داعش کے ٹھکانوں پر روس اور فرانس کے ہوائی حملوں کا دائرہ وسیع ہونے کے بعد اس گروہ کے دہشت گرد، جن میں گروہ کے سرغنے بھی شامل ہیں، اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ موصل کی طرف بھاگ رہے ہیں۔
شام سے موصل کی طرف بھاگنے والے دہشت گردوں میں زیادہ تعداد غیرملکیوں کی ہے۔
الرقہ شہر اور اس کے اطراف میں واقع دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر گزشتہ تین روز کے دوران ہونے والے روس اور فرانس کے ہوائی حملوں میں کم سے کم تینتیس دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔