بیروت میں بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ ہلاک : لبنانی سیکورٹی ذرائع
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں دہشت گردانہ بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ ہلاک ہوگیا ہے۔
لبنان کے سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ جنوبی بیروت کے علاقے ضاحیہ میں ہونے والے بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ شام میں حزب اللہ اور شامی فوج کی مشترکہ کارروائی کے دوران ہلاک ہوگیا۔
المنار ٹی وی کے مطابق اس شخص نے دو خودکش بمباروں کو ضاحیہ کے علاقے برج البراجنہ پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ بارہ نومبر کو بیروت کے شیعہ آبادی والے علاقے ضاحیہ کے مصروف ترین تجارتی اور رہائشی مراکز میں ہونے والے دو خودکش دھماکوں میں تینتالیس افراد شہید اور دو سو چالیس کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔ دو خودکش حملہ آوروں نے ضاحیہ کے علاقے برج البراجنہ میں مسجد امام حسین علیہ السلام کے قریب تھوڑے تھوڑے وققے سے خود کو دھماکوں سے اڑا دیا تھا۔
دہشت گرد گروہ داعش نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ لبنان کے سیکورٹی اداروں نے ان دھماکوں میں مدد دینے کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔