بحرینیوں سے پرامن جدوجہد جاری رکھنے پر شیخ علی سلمان کی تاکید
بحرین کی جمعیت اسلامی وفاق ملی کےسربراہ نے پرامن طریقے سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے پر تاکید کی ہے-
منامہ پوسٹ کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق جمعیت اسلامی وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان نے جو آل خلیفہ کی قید میں ہیں، جمعے کو، بعض ملکوں میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملکوں میں جاری دہشت گردانہ کارروائیوں سے یہ ثابت ہوتاہے کہ بحرینی عوام پرامن طریقے سے جدو جہد کر رہے ہیں-
شیخ علی سلمان نے اپنے ٹوئیٹر پیج پر لکھا ہے کہ بحرینی قوم، آزادی اور جمہوریت کے حصول کے لئے تشدد سے دور رہتے ہوئے اپنا پرامن احتجاج جاری رکھے گی- بحرین کی جمعیت اسلامی وفاق ملی کے سربراہ نے اسی طرح تیونس کے حالیہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس ملک کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا-
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں فرانس، لبنان اور تیونس سمیت دیگر ملکوں میں بھی دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں کہ جس کے نتیجے میں سینکڑوں بے گناہ افراد مارے گئے ہیں اور داعش دہشت گرد گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے-