Dec ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۹:۴۵ Asia/Tehran
  • ترکی اپنی فوجیں واپس نہ بلا کر وعدہ خلافی کر رہا ہے: عراقی وزیر خارجہ
    ترکی اپنی فوجیں واپس نہ بلا کر وعدہ خلافی کر رہا ہے: عراقی وزیر خارجہ

عراقی وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے کہا کہ ترکی اپنی فوجیں واپس نہ بلا کر وعدہ خلافی کر رہا ہے۔

مقننہ، مجریہ اور عدلیہ کے سربراہوں کے ساتھ مشترکہ ملاقات میں عراقی وزیر خارجہ نے کہا کہ ترک وفد نے دورہ بغداد میں موصل سے فوجیں واپس بلانے کا وعدہ کیا تھا لیکن انقرہ پہنچ کر اپنا موقف تبدیل کردیا۔

ابراہیم الجعفری نے کہا کہ عراق کا اقتدار اعلی ہماری ریڈ لائن ہے اور ہم کسی کو بھی ریڈ لائن عبور کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں ترک فوج کی موجودگی ہمارے ملک کے خلاف کھلی جارحیت ہے۔

درایں اثنا عراقی پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے کہا کہ ہم ترکی کے ساتھ تعلقات کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں لیکن اپنے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ عراقی عوام، حکومت، پارلیمنٹ اور دینی قیادت نے متفقہ طور پر ترک فوج کی موجودگی کو مسترد کردیا ہے۔

عراقی وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق میں عراقی فوج کی چھاؤنیاں ہیں کسی دوسرے ملک کی نہیں۔ ابراہیم الجعفری نے کہا کہ بعشیقہ میں ترک فوجی اڈہ بند کیاجائے اور ترک فوجیں فوری طور پر باہر نکل جائیں۔

قابل ذکر ہے کہ ترکی نے چار دسمبر کو اپنے سیکڑوں فوجیوں کو شمالی عراق کے شہر موصل روانہ کیا تھا جس کے بعد سے بغداد اور انقرہ کے تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں۔

ٹیگس