لبنان: حزب اللہ کے جوانوں کے ہاتھوں، داعش کی دراندازی کی کوشش ناکام
حزب اللہ کے جوانوں نے لبنان میں داعش کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی ہے۔
المنار ٹی وی نے لبنان کے سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حزب اللہ کے جوانوں نے اتوار کے روز تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک اور زخمی کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق داعش کے دہشت گرد مشرقی لبنان کے پہاڑی علاقے الحمرہ کی چوٹیوں پر قبضہ کرنا چاہتے تھے۔ عسکری ذرائع کے مطابق دہشت گرد عناصر القاع کی پہاڑی چوٹیوں سے داخل ہو کر شمال مشرقی علاقے عرسال کی بلندیوں تک جانے کی کوشش کر رہے تھے جسے حزب اللہ کے جوانوں نے ناکام بنادیا۔
قابل ذکر ہے کہ شام کے راستے لبنان میں داخل ہونے والے تکفیری گروہ داعش اور جبہۃ النصرہ کے دہشت گرد اکثر اوقات عرسال کے علاقے کے لوگوں سے بھتہ وصول کرنے کے علاوہ تاوان کی وصولی کے لیے عام شہریوں کو اغوا کرتے رہتے ہیں۔ یہاں اس بات کا ذکر بھی ضروری ہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بارہ نومبر کو ہونے والے خودکش دھماکوں کی ذمہ داری داعش دہشت گرد گروہ نے قبول کی تھی۔ اس حملے میں چوالیس افراد شہید اور دوسو کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔