شام میں فوج اور رضاکار فورس کا آپریشن، درجنوں دہشت گرد ہلاک
شام میں فوج اور عوامی رضاکار دستوں کے آپریشن میں درجنوں دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔
ہمارے نمائندے نے شامی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ شام کی فوج اور عوامی رضا کار فورس نے دمشق کے مضافات میں واقع میدعا اور الضمیر نامی علاقوں کے درمیان ایک آپریشن میں ایک دہشت گرد گروہ کے سبھی افراد کو ہلاک کر دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس گروہ کے افراد رات کے وقت مشرقی غوطہ سے الضمیر نامی قصبے میں داخل ہوئے تھے، جس کی شام کی فوج کو اطلاع مل گئی تھی ۔ جب یہ گروہ الضمیر سے میدعا کی جانب آگے بڑھا تو فوج اور عوامی رضاکاردستوں نے اس کو محاصرے میں لے کر اس کے سبھی افراد کو ہلاک کر دیا۔
اسی طرح مشرقی غوطہ کے علاقے مرج السلطان کے اطراف میں حرستا القنطرہ سیکٹر پر آل سعود سے وابستہ تکفیری دہشت گرد گروہ جیش الاسلام کے ایک مرکز پر فوج کے حملے میں بھی درجنوں دہشت گرد مارے گئے۔ فوج کے اس حملے میں جیش الاسلام کا ایک دہشت گرد کمانڈر عمر القطیفانی بھی ہلاک ہو گیا ہے۔
دوسری طرف جبہۃ النصرہ نامی دہشت گرد گروہ نے مشرقی غوطہ میں فوجی آپریشن میں اپنے دو سینئر کمانڈروں ابومحمد شام اور ممدوح رغفان سمیت بہت سے دہشت گردوں کے مارے جانے کا اعتراف کیا ہے۔