مغربی عراق میں دسیوں دہشت گرد ہلاک
عراقی فوج نے ملک کے مغربی علاقوں میں دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کی خبر دی ہے-
السومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کی آپریشنل کمان کے ترجمان سعد معن نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے مغربی علاقے میں واقع شہر فلوجہ کے جنوب میں عراقی فوج نے ایک کارروائی میں چون دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے- عراقی فوج کی آپریشنل کمان کے ترجمان نے مزید کہا کہ عراقی فوجیوں نے فلوجہ کے جنوب میں انجام دی جانے والی اس کارروائی میں دہشت گردوں کے آٹھ خفیہ ٹھکانے تباہ اور اٹھاون بم ناکارہ بنا دیئے-
ایک دیگر رپورٹ کے مطابق داعش دہشت گرد گروہ نے صوبہ الانبار میں ایک کمسن بچے سمیت اس کے ماں باپ کو جو الرمادی سے بھاگنے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے، نہایت بے دردی سے قتل کردیا ہے- داعش دہشت گرد گروہ نے دو روز قبل دھمکی دی تھی کہ جو بھی الرمادی سے فوج کی جانب بھاگنے کی کوشش کرے گا ، اسے قتل کر دیا جائے گا-
عراقی فوج ، نہایت تیزی سے الرمادی کی جانب پیشقدمی کر رہی ہے- دوسری جانب عراق کی ریڈکراس کمیٹی کے اہلکاروں نے جمعے کو الرمادی کے ایک سو بیس خاندانوں کو بحفاظت خالدیہ علاقے میں پہنچا دیا ہے- داعش دہشت گرد گروہ نے کہ جسے بعض عرب اور مغربی ممالک کی حمایت حاصل ہے ، گذشتہ مہینوں میں ان علاقوں کے شہریوں پر بے پناہ مظالم ڈھائے -