صیہونی فوجیوں کی بربریت، الخلیل میں ایک اور فلسطینی شہید
غاصب صیہونی فوجیوں نے ایک اور فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کر دیا ہے۔
فلسطینی نوجوان کی شہادت کا یہ واقعہ بدھ کے روز الخلیل کے علاقے فحص میں پیش آیا۔ صیہونی حکام نے دعوی کیا کہ مذکورہ نوجوان اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے حملہ کرنا چاہتا تھا۔ صیہونی فوجیوں نے ہفتے کے روز ایک باون سالہ فلسطینی کو جنوبی شہر نابلس میں گولیاں مار دی تھیں۔ صیہونیوں نے دعوی کیا تھا کہ مذکورہ فلسطینی نے صیہونی فوجیوں پر اپنی گاڑی چڑھا دی تھی۔
اس سے پہلے جمعے کے روز غزہ اور خان یونس کے علاقوں پر صیہونی فوجیوں کے حملوں میں دو فلسطینی شہید اور اٹھائیس زخمی ہو گئے تھے۔گزشتہ ہفتے جمعرات کو صیہونی فوجیوں نے فائرنگ کر کے چار فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا۔
پچھلے تین ماہ کے دوران فلسطینیوں کے خلاف صیہونی فوجیوں کے حملوں میں شدت پیدا ہو گئی۔ یکم اکتوبر سے اب تک صیہونی فوجیوں کے حملوں میں ایک سو چوالیس فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اکثر مبصرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اس وقت اپنے خلاف نئی تحریک انتفاضہ کا سامنا ہے جسے انتفاضہ القدس کا نام دیا گیا ہے۔