شام: فوج اور عوامی فورس کا مشترکہ آپریشن، سو سے زائد دہشت گرد ہلاک
شام کے مختلف علاقوں میں فوج اور عوامی رضاکار دستوں کے مشترکہ آپریشن میں سو سے زائد دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ہمارے نمائندے نے شامی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ فوج اورعوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے ادلب، لاذقیہ، اور حماہ میں اپنے تازہ مشترکہ آپریشن میں درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق حماہ کے دو مضافاتی علاقوں میں فوج اور عوامی رضاکار فورس کے آپریشن میں اکیس تکفیری دہشت گرد مارے گئے جن میں متعدد دہشت گرد کمانڈر بھی شامل ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق مذکورہ آپریشن میں دہشت گردوں کے بہت سے ٹاؤ امریکی میزائل تباہ ہوگئے۔
شام کی فوج اورعوامی رضاکاروں نے اسی طرح ادلب کے جنوب میں مختلف علاقوں میں بہت سے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے ۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں احرارالشام نامی تکفیری دہشت گرد گروہ کے دو دہشت گرد کمانڈر بھی شامل ہیں۔ اسی طرح حمص میں بھی فوج اورعوامی رضاکار دستوں کے آپریشن میں چوراسی دہشت گردوں کے مارے جانے کی رپورٹ ہے۔
ادھر لاذقیہ میں ایک فوجی چھاؤنی پر تکفیری دہشت گردوں کے حملے کے بعد فوجیوں کی فائرنگ میں درجنوں دہشت گرد مارے گئے اور جو بچ گئے انھوں نے راہ فرار اختیار کی۔