صیہونی وزیر توانائی کا متحدہ عرب امارات کا خفیہ دورہ
صیہونی ذرائع ابلاغ نے صیہونی وزیر توانائی کے متحدہ عرب امارات کے خفیہ دورے کا انکشاف کیا ہے۔
اسرائیل کے ٹی وی چینل دو کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے وزیر توانائی یووال اشتاینیتز نے متحدہ عرب امارات کا خفیہ دورہ اور اس ملک کے حکام سے ملاقات کی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے وزیر توانائی، جو ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق امور میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے اصل مہرہ شمار ہوتے ہیں، پیر کو ابوظبی سے واپس مقبوضہ فلسطین پہنچ گئے۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی وزیر توانائی نے سخت سیکورٹی میں یہ دورہ انجام دیا ہے۔ البتہ غاصب اسرائیل کے وزیر توانائی کے دفتر نے اس دورے کی ابھی تک تصدیق نہیں کی ہے۔
صیہونی وزیر توانائی کے متحدہ عرب امارات کے دورے کی خبر ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد اور ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں اٹھائے جانے کے موقع پر سامنے آئی ہے۔