شامی حکومت کے نمائندے جنیوا اجلاس میں شرکت کے لئے تیار ہیں: شامی وزیرخارجہ ولید المعلم
شام کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ شامی حکومت کے نمائندے جنیوا اجلاس میں شرکت کے لئے تیار ہیں -
شام کے وزیرخارجہ ولید المعلم نے بدھ کو کہا کہ شامی حکومت کے نمائندے بحران شام کے حل سے متعلق جنیوا اجلاس میں شرکت کے لئےتیار ہیں -
انہوں نے کہاکہ اگرجنیوا اجلاس تاخیر کا شکار ہوتاہے تو اس کی ذمہ داری مقابل فریق پر ہے -
انہوں نے علاقے میں سعودی عرب کی کشیدگی پیدا کرنےوالی پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ سعودی حکومت جنیوا اجلاس میں رخنہ اندازی کی کوشش کررہی ہے - اور اس بات کا امکان ہے کہ سعودی حکومت شام میں دہشت گرد گروہوں کے لئے اپنی مالی اور اسلحہ جاتی حمایت میں اضافہ کردے -
شامی وزیرخارجہ نے بین الاقوامی سطح پر انجام پانےوالی سیاسی کوششوں کے تازہ ترین نتائج کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ وہ اغیار کی مداخلت کے بغیر شام میں قومی آشتی میں اضافے کا خیر مقدم کرتے ہیں -
واضح رہے کہ شام کے امورمیں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن دی میستورا کی کوشش ہے کہ شام کی حکومت اور مخالف گروہوں کے نمانندوں کے درمیان پچیس جنوری کو جنیوا میں اجلاس منعقد ہوجائے لیکن اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ جب تک مخالفین کے وفد کے ارکان کا تعین نہیں ہوجاتا اس وقت تک وہ کسی کو مذاکرات کی دعوت نہیں دے گی -
مبصرین کا کہنا ہے اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتاہے کہ یہ مذاکرات تاخیر کا شکار ہوجائیں گے