صیہونی حکومت کی شام میں برسرپیکار دہشت گردوں کی مدد
صیہونی حکومت نے ایک بار پھر شام میں برسرپیکار مسلح دہشت گردوں کی حمایت کا اعتراف کیا ہے-
صیہونی حکومت کے ٹیلی ویژن نے سنیچر کو ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل نے اپنے اسپتالوں میں جبہۃ النصرہ اور داعش کے دہشت گردوں کا علاج کر کے دمشق حکومت کے مخالف دہشت گردوں کی حمایت عام کر دی ہے-
جبہۃالنصرہ کے ایک زخمی دہشت گرد نے اسرائیلی حکومت کے ٹی وی رپورٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ابھی کچھ دنوں پہلے دمشق حکومت کے بیس مسلح مخالف، ایک دھماکے میں ہلاک اور تیس زخمی ہوئے تھے، انھیں زخمیوں میں ایک میں تھا اور مجھے علاج کے لئے اسرائیل پہنچایا گیا ہے-
صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل ایک نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران شامی حکومت کے مخالف مسلح گروہوں کے ہزاروں زخمیوں کا اسرائیل کے موبائل اور سرحدی شہروں کے اسپتالوں میں علاج ہوا ہے-
اسرائیلی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ شام کی جنگ طول پکڑنے کے باعث اسرائیلی اسپتالوں میں مسلح گروہوں کے زخمیوں کی لائن لگی ہوئی ہے-
صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتن یاہو نے گذشتہ برس اپنے ایک سرحدی اسپتال میں داعش کے ایک زخمی دہشت گرد کی عیادت کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا تھا کہ صیہونی حکومت اور شام میں سرگرم مسلح مخالف گروہوں کی پالیسیوں میں یکجہتی کی بنا پر اسرائیل، ان گروہوں کی حمایت کرتا ہے اور اسے جاری رکھے گا-
اس سے قبل شام کے صدر بشار اسد نے شامی فوج کے اڈوں پر اسرائیلی جنگی جہازوں کی بمباری پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف شام کی جنگ میں اسرائیل، دہشت گردوں کی فضائیہ کا کردار ادا کر رہا ہے اور جب بھی شامی فوج کو کوئی بڑی کامیابی ملنے والی ہوتی ہے، اسرائیلی فضائیہ دہشت گردوں کی مدد کو پہنچ جاتی ہے-