عراق میں دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کا کارخانہ دریافت
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے عراق میں دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کا سب سے بڑے کارخانہ دریافت کر لیا ہے۔
العالم ٹی وی نے عراقی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس نے صوبہ الانبار کے صدر مقام رمادی کے مشرق میں واقع علاقے خالدیہ میں دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والا کارخانہ دریافت کر لیا ہے۔ اس کارخانے میں گاڑیوں میں بم بھی نصب کئے جاتے تھے۔ اس کےعلاوہ اس علاقے میں دہشت گرد گروہ داعش سے وابستہ عناصر کی ایک سرنگ بھی برآمد ہوئی ہے۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر کریم الخاقانی نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ اس کارخانے کو دریافت کرنے کے سلسلے میں عراقی فوج کی چودہ بریگیڈز نے عوامی رضاکار فورس کی مدد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں سرگرم دہشت گردوں کی اسلحے کی ضروریات اسی کارخانے سے پوری کی جاتی تھیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس علاقے میں جاپانی پل سے دریائے فرات تک ایک سرنگ کا بھی پتہ چلا ہے جس میں کولر سسٹم اور جدید ترین مانیٹر نصب ہیں۔
واضح رہے کہ مشرقی رمادی میں واقع خالدیہ کی آزادی کے لئے آپریشن تیس جولائی کو شروع ہوا اور یکم اگست کو اس علاقے کو آزاد کرا لیا گیا۔ اس آپریشن میں عراق کی عوامی رضاکار فورس اور فوج نے حصہ لیا۔