یمن پر سعودی عرب کے فضائی حملوں میں شدت
کویت میں یمن امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد، سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کے دن یمن کے مختلف علاقوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔
یمن کے مفرور سابق صدر منصور ہادی کے وفد اور یمن کے قومی وفد کے درمیان ہونے والے مذاکرات ہفتے کے دن کسی نتیجے پر پہنچے بغیر اختتام پذیر ہوگئے۔ اس کے بعد منصور ہادی کے وفد، کہ جو ریاض وفد کے نام سے جانا جاتا ہے، کے سربراہ عبدالملک المخلافی نے فوجی حل پر تاکید کی۔
العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے کے دن یمن کے شمال سے جنوب تک کے مختلف علاقوں منجملہ صنعا، صعدہ اور الجوف پر بمباری کی جس کے نتیجے میں دسیوں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔
یمنی عوام نے اپنے ملک کی بنیادی تنصیبات خصوصا مساجد پر سعودی عرب کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے فتح حاصل کرنے تک اس کے خلاف استقامت جاری رکھنے پر تاکید کی۔