بحرین کی انسانی حقوق کمیٹی کی آل خلیفہ حکومت پر تنقید
بحرین کی انسانی حقوق کمیٹی نے بحرین کے شیعہ علماء کے خلاف آل خلیفہ حکومت کے سرکوب کرنے والے اقدامات پر نکتہ چینی کی ہے-
العالم کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی انسانی حقوق کمیٹی نے ایک رپورٹ میں آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے یہ حکومت بحرین کے شیعہ علماء پر دباؤ ڈال رہی ہے اور ان کے حقوق پامال کر رہی ہے-
بحرین کی انسانی حقوق کمیٹی نے ایک رپورٹ میں کہا ہے بحرین کی ایک عدالت نے اٹھارہ اگست کو بحرین کے ایک شیعہ عالم دین شیخ علی حمیدان کو، پر امن مظاہروں میں شرکت کے الزام میں ایک سال قید کی سزا سنائی ہے- در ایں اثنا بحرین کی ایک عدالت، بدھ کے روز ایک اور شیعہ عالم دین محمود العالی پر عائد بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمے کی سماعت کرے گی-
بحرینی حکومت نے اپنے خلاف ہونے والے مظاہروں کو کنٹرول کرنے کے لئے بہت سی بحرینی سیاسی شخصیتوں اور شہریوں کو گرفتار کرکے طویل مدت کے لئے جیلوں میں ڈال دیا ہے-
بحرین میں ہر طرح کی آزادی سلب کئے جانے، سیاسی شخصیتوں کی گرفتاری اور اپوزیشن اور مخالفین کو راستے سے ہٹانے کے حکومتی اقدامات نے بحرینی حکومت کی استبدادی ماہیت کو نمایاں کر دیا ہے-
واضح رہے کہ بحرین میں چودہ فروری دوہزارگیارہ سے آل خلیفہ کی استبدادی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں اور گھٹن کے ماحول کے خلاف عوامی تحریکیں جاری ہیں- بحرینی عوام اپنے ملک میں آزادی، انصاف کے قیام، نسلی امتیاز کے خاتمے اور ایک منتخب حکومت کی تشکیل کے خواہاں ہیں-