عراق: عوامی رضاکار فورس کے اٹھارہ ہزار جوان موصل کو آزاد کرانے کے لئے تیار
-
ان اٹھارہ ہزار جوانوں میں سے زیادہ تر کا تعلق بدر، العصائب، الخراسانی اور دوسرے بریگیڈز سے ہے۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے اٹھارہ ہزار جوان موصل شہر کو آزاد کرانے کے آپریشن میں شرکت کریں گے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق، عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کی کمان نے ہفتے کے دن اعلان کیا کہ صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل شہر کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے آپریشن میں عوامی رضاکار فورس کے کم از کم اٹھارہ ہزار جوان حصہ لیں گے۔
اس رپورٹ کے مطابق ان اٹھارہ ہزار جوانوں میں سے زیادہ تر کا تعلق بدر، العصائب، الخراسانی اور دوسرے بریگیڈز سے ہے اور دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر سے موصل کی آزادی کے ہراول دستے ہوں گے۔
عراق کی مشترکہ سیکورٹی فورسز نے گزشتہ مہینے سے موصل شہر کو آزاد کرنے کے لئے ابتدائی آپریشن شروع کر رکھا ہے اور اس شہر کے جنوب میں بعض علاقے دہشت گردوں سے آزاد کرا لئے ہیں۔
قیارہ کے علاقے میں عراق کی سیکورٹی فورسز کی پیش قدمی کی وجہ سے دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کو موصل میں بہت ہی بحرانی صورتحال کا سامنا ہے اور وہ اپنی ناکامیوں کا ازالہ کرنے کے لئے عام شہریوں سے انتقام لیتے ہیں۔