بحرین میں آل خلیفہ کے مخاصمانہ اقدامات میں شدت
آل خلیفہ حکومت نے بحرینی شیعوں پر دباؤ بڑھانے کے لئے الدراز کے شیعہ علاقوں کی بجلی سپلائی روک دی-
اسلامی ریڈیو ٹی وی یونین سے وابستہ نیوز ایجنسی " یو نیوز" کی رپورٹ کے مطابق آل خلیفہ نے دشمنانہ اقدامات تیز کرتے ہوئے بحرینی شیعہ مسلمانوں کے رہبر آیت اللہ عیسی قاسم کے گھر اوراس کے اطراف کے علاقوں نیز الدراز کے الفداء اسکوائر کی بجلی سپلائی روک دی-
بحرینی شیعوں نے بحرینی حکام کے ان اقدامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس علاقے کے الفداء اسکوائر پر دھرنا دیا اور اس اقدام کو غیراخلاقی اور آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات کا تسلسل قرار دیا-
آل خلیفہ حکومت نے اپنے مخالفین کی سرکوبی کے لئے گذشتہ مہینوں میں انھیں گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا ہے-
بحرینی حکومت نے اس سے پہلے آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت سلب کرلی تھی اور جمعیت الوفاق سمیت شیعہ مسلمانوں کی تنظیموں اور گروہوں کو تحلیل کرکے ان کے اثاثے ضبط کر لئے تھے-
بحرین میں فروری دوہزارگیارہ سے آل خلیفہ کے خلاف پرامن احتجاج ہو رہے ہیں- بحرینی عوام اپنے ملک میں سیاسی اصلاحات، آزادی، انصاف، امتیازی سلوک کے خاتمے اور ایک منتخب حکومت کے برسراقتدار آنے کا مطالبہ کررہے ہیں- تاہم آل خلیفہ ان کے پرامن مظاہروں کا جواب ہمیشہ ان کی سرکوبی سے دیتی ہے-