حزب اسلامی افغانستان کا افغان حکومت کے مخالفین کے خلاف لڑنے کا اعلان
-
افغانستان کی قومی اتحاد حکومت اور گلبدین حکمتیار کی زیرقیادت حزب اسلامی گروہ کے درمیان جمعرات کو ایک امن معاہدے پر دستخط ہوئے تھے-
افغانستان کے حزب اسلامی گروہ نے مخالفین کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے-
گلبدین حکمتیار کی زیرقیادت گروہ، حزب اسلامی کے مذاکراتی وفد کے سربراہ محمد امین کریم نے کابل میں افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات میں کہا کہ حزب اسلامی حکومت کے ساتھ مل کرمخالفین کے خلاف جنگ کرے گی- امین کریم نے مزید کہا کہ یہ گروہ جنگ کے خاتمے، سیکورٹی کی فراہمی اور قیام امن کے لئے بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کی کوشش کرے گی-
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات میں حزب اسلامی کے مذاکراتی وفد کے سربراہ نے کہا کہ ان کی سچی حمایت امن کے عمل کی کامیابی کا باعث بنی ہے -
اس ملاقات میں عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ حکومت افغانستان ملک میں امن و ثبات چاہتی ہے اور حزب اسلامی کے ساتھ امن معاہدے کی حمایت اس کا ثبوت ہے- دوسری جانب حزب اسلامی کے سیاسی شعبے کے سربراہ غیرت بہیر نے بھی کہا ہے کہ ان کا گروہ حکومت افغانستان کے ساتھ مل کر مخالفین کے خلاف جنگ کرے گا- انھوں نے کہا کہ حزب اسلامی، سیکورٹی کی فراہمی اور عدل و قانون کے نفاذ کے لئے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے-
افغانستان کی قومی اتحاد حکومت اور گلبدین حکمتیار کی زیرقیادت حزب اسلامی گروہ کے درمیان جمعرات کو ایک امن معاہدے پر دستخط ہوئے تھے- حزب اسلامی کا شمار حکومت مخالف گروہوں میں ہوتا ہے کہ جس کے جنگجو گذشتہ پندرہ برسوں سے افغان اور بیرونی فوجیوں کے خلاف برسرپیکار تھے-